دنیا
23 مئی ، 2017

امریکی فنکاروں کا مانچسٹردھماکےمتاثرین کا اظہار یکجہتی

امریکا میں شوبزسے تعلق رکھنے والی شخصیات نے مانچسٹر میں گلوکارہ آریانا گرینڈے کے کنسرٹ کے باہر دھماکے کے متاثرین سےاظہاریک جہتی کیا ہے۔

نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو میں بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے کہا کہ کنسرٹ میں زیادہ تر نوجوان شریک تھے، ایسے واقعات پریشان کن ہیں ۔ روزمرہ پیش آنے والے واقعات کے باعث لوگ بہت زیادہ حساس ہوگئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں کہ ہم کس طرح کی دنیا میں اپنے بچوں کی تربیت کریں گے۔ مجھے اس واقعے سے بہت صدمہ پہنچا اور میں متاثرین سے تعزیت کرتی ہوں۔

برطانوی اداکارہ الفینش ہیڈرا کا کہنا ہے کہ آریانا گرینڈے نے مجھے بتایا کہ مانچسٹر میں کنسرٹ کے دوران دھماکا ہوا ہے اور اسی نوعیت کا ہولناک واقعہ گزشتہ ہفتے نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر بھی پیش آیا۔ میرا دل اس واقعے پر دکھی ہے۔

زیک ایفرون کا کہنا ہے کہ میرے خیال میں مانچسٹر میں جو کچھ ہوا وہ بہت تباہ کن تھا۔ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے۔ میری ہمدردی مانچسٹر دھماکے کے تمام متاثرین کے ساتھ ہے۔ میرا خیال ہے آریانا گرینڈے خیریت سے ہیں اور اس کے تمام فینز بھی بہتر حالت میں ہیں۔

علاوہ ازیں متعدد فنکاروں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغامات کے ذریعے بھی دھماکے کے متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا ہے ۔

گلوکارہ کیٹی پیری نےاپنے پیغام میں آریانا گرینڈے کے کنسرٹ میں شریک تمام افراد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

گلوکارہ ڈیمی لوواٹو نے بھی مانچسٹر دھماکے کے متاثرین کے لیے دعا کی۔

آریانا گرینڈے کے ترجمان نے اپنے ٹوئٹ میں چاہنے والوں کو امریکی گلوکارہ کی خیریت سے آگاہ کیا۔

مزید خبریں :