پاکستان
27 مئی ، 2017

حسین نواز بھی امپائرکو ملائے بغیر نہیں کھیل سکتے، عمران خان

حسین نواز بھی امپائرکو ملائے بغیر نہیں کھیل سکتے، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حسین نواز بھی اپنے والد کی طرح امپائروں کو ساتھ ملائے بغیر نہیں کھیل سکتے، کوئی حیرت نہیں کہ وہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہونا چاہتے۔

عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی سب سے زیادہ پڑھے لکھے اور شعور رکھنے والے لوگ ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق ہمیں چوری اور کرپشن کی وجہ سے پچھلے 4سالوں میں 8ہزار ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالانہ ٹیکس آمدنی 1800 ارب روپے ہے، کرپٹ لوگ کرپشن کو ختم نہیں کرسکتے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے کرپشن کے خاتمے کے لیے کوئی قانون نہیں بنایا، اپنے مفادات کے لیے اس حکومت نے تین آئینی ترامیم کیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ انہیں پتہ ہے اگر کرپشن کے خلاف قانون بن گیا تو یہ خود پھنس جائیں گے۔

مزید خبریں :