انٹرٹینمنٹ
18 جون ، 2017

پاکستان کی تاریخی فتح پر بالی وڈ شخصیات کی بجھے دل سے مبارکباد

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پاک بھارت فائنل کا بخار کرکٹ فینز کو تو تھا ہی لیکن اس مقابلے کا جنون بھارتی فلم نگری پر بھی سر چڑھ کر بول رہا تھا لیکن اب پاکستان کے چیمپئن بننے پر لیجنڈری اداکار رشی کپور سمیت کئی اداکاروں نے پاکستانی ٹیم کو تاریخی فتح بجھے دل کے ساتھ مبار ک باد دی ہے۔

بالی وڈ اداکار رشی کپور نے سیمی فائنل جیتنے پر پاکستان کو مبارک باد دیتے ہوئے فائنل میں بھارت سے شکست دینے کی پیش گوئی کی تھی۔

اداکار کے جواب میں پاکستانی مداحوں نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا جس پر رشی کپور نے روایتی بھارتی عدم برداشت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف زہر افشانی کی لیکن اب بھارت کو بدترین شکست پر انہوں نے بجھے دل کے ساتھ پاکستان کو مبارکباد دی ہے۔

رشی کپور کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ہاں پاکستان تم نے ہمیں ہرادیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح حاصل کرلی جس پر انہیں مبارکباد دیتا ہوں۔

رتیش دیش مکھ نے بھی اپنی ٹوئٹ میں پاکستان ٹیم کو چیمپئن بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے بہترین کھیل پیش کرکے ٹورنامنٹ میں واپسی کی اور چیمپئن بن گیا۔

نوجوان اداکار ورون دھون کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ کھیل میں ہار جیت ہوتی ہے اور آج کے فائنل میں پاکستان نے بہترین کھیل پیش کیا۔

اداکار سونو سود نے بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو چیمپئن بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عمدہ کارکردگی دکھائی اور جیت کی حقدار ٹھہری۔

جب کہ آفتاب شیودسانی نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستانی ٹیم نے فائنل میں آؤٹ کلاس پرفارمنس دی۔

رنویر سنگھ نے بھی پاکستانی ٹیم کو جیت پر مبارکباد دی جب کہ اداکار ارجن رامپال نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا اور جیت حاصل کی لہٰذا ان کی فتح سے لطف اندوز ہورہا ہوں۔

 عرفان خان سمیت کئی بھارتی اداکاروں کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کی فتح ہضم نہ ہوئی اور انہیں بھارتی ہاکی ٹیم پسند آنے لگی۔

عرفان خان نے پاکستان سے کرکٹ میں عبرتناک شکست پر بھارتی ہاکی ٹیم کی تعریف کرڈالی اور اپنی ٹوئٹ میں ہاکی ٹیم کی تعریف کی۔

اداکار انیل کپور نے بھارتی کرکٹ ٹیم کی شکست پر کوئی تبصرہ نہیں کیا لیکن ٹوئٹر پر بھارتی ہاکی ٹیم کی تعریف کرتے نظر آئے اور جوش میں ہاکی کو قومی کھیل قرار دے دیا۔

مزید خبریں :