-----

خیبر میل کے انجن میں آگ لگ گئی

Khyber Mail Kay Engine Mai Aag Lag Gai

پشاور سے کراچی جانےوالی خیبرمیل کے انجن میں آگ لگ گئی،ریلوےذرائع کے مطابق 2گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا۔

ریلوےذرائع نے بتایا ہے کہ خیبر میل کے انجن میں آگ لگنے کےبعد ٹرین کو خیرپور ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا، فائر بریگیڈ کے عملے اور ریسکیو ٹیموں نے آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا۔

ریلوےذرائع نے مزید بتایا ہے کہ واقعے کے باعث ڈاؤن ٹریک ریلوے ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، پاکستان ایکسپریس کو روہڑی ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا، جبکہ فرید ایکسپریس کو روہڑی اور خیر پور کے درمیان روک لیا گیا ۔

کافی جدوجہد کے بعد خیبرمیل کے انجن میں لگی آگ بجھا دی گئی،انجن میں آگ لگنے کے باعث متعدد ٹرینیں 2گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔

آگ بجھانے کے بعد خیبرمیل کو متبادل انجن لگا کر کراچی کے لیے روانہ کر دیا گیا۔