کھیل
Time 20 اگست ، 2017

نیشنل ٹی 20 کپ کا انعقاد معمہ بن گیا

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا انعقاد معمہ بن گیا۔

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ 2017 کا باقاعدہ آغاز 25 ستمبر سے ملتان اور فیصل آباد میں ہونا تھا تاہم اب ملتان میں ایونٹ کی تیاریاں روک دی گئیں  جب کہ پی سی بی نے بھی ملتان میں ایونٹ کے انعقاد کے حوالے سے نہ تصدیق کی اور نہ ہی تردید۔

ذرائع کے مطابق نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے انعقاد کے حوالے سے دو تین آپشنز زیر غور ہیں اور ایونٹ نومبر تک ملتوی بھی کیا جاسکتا ہے۔

ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ نیشنل ٹی20سے متعلق اعلان پیریا منگل کو کر دیا جائے گا جب کہ فیصل آباد میں انتظامیہ کو 4 ستمبر سے 19 ستمبر کی تاریخیں دی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ پی سی بی نے 10 اگست کو نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے ٹیموں کا بھی اعلان کیا تھا جس کے مطابق ایونٹ کے تمام میچز 25 سے 31 اگست تک ملتان اور 4 سے 10 ستمبر تک فیصل آباد میں کھیلے جانا تھے۔

ٹیموں کی تشکیل

کراچی وائٹس کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جب کہ لاہور وائٹس کی کپتانی سلمان بٹ، لاہور بلیوز کی قیادت محمد حفیظ، فیصل آباد ریجن کی قیادت مصباح الحق، راولپنڈی کی کپتانی عمر امین، پشاور کی قیادت محمد رضوان اور فاٹا کی ٹیم کی قیادت عثمان شنواری کریں گے۔

لاہور بلیوز کے نمایاں کھلاڑیوں میں وہاب ریاض، کامران اکمل اور عمر اکمل شامل ہیں جب کہ کراچی وائٹس میں اسد شفیق، انور علی اور رومان رئیس شامل ہیں۔

فاٹا کی ٹیم میں ریحان آفریدی اور خوشدل شاہ شامل ہیں جب کہ پشاور کی ٹیم میں عمران خان جونیئر، زوہیب خان اور اسرار اللہ شامل ہیں۔

فیصل آباد ریجن کی ٹیم میں سعید اجمل، فہیم اشرف اور آصف علی جب کہ سہیل تنویر، شاداب خان اور محمد نواز راولپنڈی کی نمائندگی کریں گے۔

مزید خبریں :