پاکستان
Time 20 ستمبر ، 2017

کراچی: نرسری کے قریب کاسمیٹکس کے گودام میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق

کراچی: نرسری کے قریب کاسمیٹیکس کے گودام میں دھماکے سے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

جیونیوز کے مطابق کراچی کے علاقے نرسری کے قریب رہائشی علاقے میں قائم کاسمیٹکس کے گودام میں صبح 9 بجے کے قریب زور دار دھماکا ہوا جس سے گودام میں آگ لگ گئی۔

پولیس کے مطابق دھماکے سے گودام میں رکھے کیمیکل نے آگ پکڑ لی، آگ کی شدت سے گودام کی دیوار گر گئی اور قریبی گھروں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش نکال لی گئی ہے۔

فائر فائٹرز کے مطابق 3 فائر ٹینڈرز نے آگ پر قابو پالیا ہے اور اب کولنگ کا عمل جاری ہے۔

ریسکیو اہلکاروں نے بتایا واقعے میں جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت سلمان کے نام سے ہوئی ہے جو گودام میں ہیلپر تھا جب کہ واقعے میں چوکیدار بھی زخمی ہوا ہے۔

گودام کے مینیجر کا کہنا ہےکہ دھماکا گودام کے باہر ہوا ہے جس سے گودام کو نقصان پہنچا ہے۔

پولیس کے مطابق گودام میں 8 سے 9 افراد کام کرتے ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سی ٹی ڈی کو بھی طلب کرلیا ہے جو واقعے کا پوری طرح جائزہ لیں گے۔

واضح رہے کہ یکم ستمبر کو بھی کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں فیکٹری میں آگ لگی تھی جس پر 17 گھنٹوں بعد قابو پایا گیا تھا۔

مزید خبریں :