پاکستان
Time 25 ستمبر ، 2017

عدالت پاناما کی طرح بے نظیر قتل کیس میں بھی دلچسپی دکھائے، گورنر سندھ

جیکب آباد: گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہےکہ عدالت پاناما کی طرح بے نظیر بھٹو قتل کیس میں بھی دلچسپی دکھائے۔

جیکب آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ وزیراعظم نے سندھ کے 3 شہروں کے لیے ہیلتھ کارڈزکی اسکیم شروع کی، سندھ میں جو کام صوبائی حکومت کا ہے وہ وفاقی حکومت کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پہلی ترجیح ملک میں امن کا قیام ہے،2013 میں جب وفاقی حکومت آئی تو ہر جگہ دھماکے ہوتے تھے لیکن اب امن قائم ہوچکا ہے، کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوگئی ہے اور امن امان کی ہی بحالی کے باعث سرمایہ کار کراچی کا رخ کررہے ہیں۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ملک کی ترقی کے خلاف سازش ہورہی ہے، ترقی کا نظام بہتر کرنا ہے توعوام الیکشن میں درست فیصلہ کریں۔

محمد زبیر نے مزید کہا کہ بے نظیر بھٹوکے قاتلوں کی عدم گرفتاری افسوسناک ہے لیکن جہاں الزامات لگائے جاتے ہیں تو صفائی کا موقع بھی دیاجاناچاہیے جب کہ عدالت پاناما کی طرح بے نظیر بھٹوقتل کیس میں بھی دلچسپی دکھائے۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ مائنس ون کافیصلہ عوام کی طرف سے کیاجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی دعوت میں کل کراچی میں شریک ہوا تھا، سندھ کا گورنر ہوں، تمام سیاسی جماعتوں کے لیے میرے دروازے کھلے ہیں۔