مشابہ گھر بنانے پر پڑوسی پر مقدمہ

کینیڈا میں لاکھوں ڈالر گھر کے مالک نے اپنے گھر کے مشابہ تزئین و آرائش کرانے پر پڑوسی خاتون پر مقدمہ کردیا۔

کینیڈا کے شہری جوڈی چیپنک نے پڑوسی خاتون باربرا این پر ان کے گھر کی طرح اپنے گھر کی تزئین و آرائش کرانے پر 20 ہزار ڈالر ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا جس میں کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر گھر کا ڈیزائن تبدیل کریں۔

جوڈی چیپنک ٹورنٹو کی کاروباری کمپنی کے سی ای او ہیں جو پہاڑی علاقے میں قدیم طرز کے گھر میں رہائش پذیر ہیں اور ان کا گھر شاہکار فن تعمیر کی وجہ سے علاقے میں بے حد پسند کیا جاتا ہے۔

جوڈی کا کہنا ہے کہ ان کی پڑوسی باربرا نے ان کے گھر کا ڈیزائن چوری کرکے نہ صرف ان کے گھر کی مقبولیت کو نقصان پہنچایا ہے بلکہ  اپنے نئے گھر کی اہمیت بڑھانے کی کوشش کی ہے۔

جوڈی نے پڑوسن کو 20 ہزار ڈالر کے ہرجانے کا نوٹس بھی بھیج دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر وہ اپنے گھر کا ڈیزائن تبدیل کریں۔

دوسری جانب باربرا نے عدالت کو اپنے اور جوڈی کے گھر کی تصاویر فراہم کیں اور کہا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا کیوں کہ دونوں کے گھروں میں مشابہت ہوسکتی ہے کہ لیکن انہوں نے گھر کا ڈیزائن نہیں چرایا۔

باربرا نے اپنے جواب میں کہا کہ دونوں گھروں کی چمنیاں، دروازے، کھڑیاں اور دیواروں میں استعمال ہونے والے پتھر بظاہر ایک جیسے دکھتے ہیں لیکن دونوں گھروں کے ڈیزائن میں فرق ہے۔

دونوں فریقین نے مل بیٹھ کر معاملے کو حل کرنے پر رضا مندی ظاہر کی ہے لیکن جوڈی اس بات پر اڑے ہیں کہ پڑوسن کو اپنے گھر کے ڈیزائن پر نظرثانی کرنا ہوگی۔

مزید خبریں :