Can't connect right now! retry
Advertisement

پاکستان
14 نومبر ، 2017

’دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی‘

فوٹو: آئی ایس پی آر

سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اقوال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی‘۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگلا کور کا دورہ کیا اور پاک فوج کے جوانوں کی تربیتی مشقوں کا جائزہ لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسروں اور جوانوں سے خطاب میں کہا کہ پاک فوج کے جوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت کے معیار اور حوصلے کو سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مغربی سرحد پر دشمن کی موجودگی اور ملکی سلامتی کے فرائض کے باوجود ہم روایتی خطرات سے غافل نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں درپیش چیلنجز اعلی ترین فوجی تربیت اور آپریشنل تیاریوں کا تقاضہ کرتی ہیں۔

آرمی چیف نے اس موقع پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اقوال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی لیکن اس مقصد کے لیے تمام ریاستی اداروں کوملکی مفادمیں کام کرنا ہو گا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ طویل سفر کے بعد چیلنجز پر قابو پا لیا ہے اور انشاءاللہ پاکستان جلد اقوام عالم کی صف اول میں شامل ہوگا، لیکن ترقی کے لیے صرف اور صرف پختہ عزم اور بطور قوم متحد رہنے کی ضرورت ہے۔

Advertisement