پاکستان
Time 15 نومبر ، 2017

'احتساب عدالت جے آئی ٹی کی عبوری رپورٹ پر ٹرائل کر رہی ہے'

وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت جوائنٹ انویسیٹی گیشن ٹیم ( جے آئی ٹی) کی عبوری رپورٹ پر ٹرائل کر رہی ہے۔

احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کرپشن سے متعلق کسی قسم کا کوئی ثبوت نہیں ملا لیکن منتخب وزیراعظم کو گھر بھیج دیا گیا اور اب الزام اور ثبوت ڈھونڈے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 4 ریفرنسز کے لئے صرف 6 مہینے دیے گئے اور ایک ریفرنس کے لئے تقریبا ڈیڑھ مہینہ، آخر اتنی عجلت کیوں ہے اور منتخب وزیراعظم کو ایک اقامہ پر عجلت میں گھر بھیجا گیا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جب انصاف ہوتا ہوا نظر نہیں آئے گا تو سوال اٹھیں گے، مریم نواز نے جو ٹویٹ کی وہ پاکستان کے عوام سوال اٹھا رہے ہیں تاہم ان سوالوں کا جواب عوام 2018 کے انتخابات میں دیں گے۔

عابد شیر علی نے کہا کہ ایک طرف جھوٹ بولنے والوں کا کنبہ ہے دوسری طرف نواز شریف ہیں، جدھر نواز شریف ہیں اُدھر عوام ہیں، ہم عدالتوں کے احترام میں سب کچھ چھوڑ کر پیش ہو رہے ہیں، اچانک حربے استعمال کرنے والوں پر اچانک زوال آتا ہے۔

مزید خبریں :