پاکستان
Time 15 نومبر ، 2017

سزا دی نہیں دلوائی جارہی ہے، نواز شریف


سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے میں ایسا پیغام تھا کہ نواز شریف کو ہر قیمت پر سزا دینی ہے اور واضح طور پر کہتا ہوں سزا دی نہیں جارہی دلوائی جارہی ہے۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عدالتی فیصلے میں ایسے ریمارکس تھے جیسے ہمارے سیاسی مخالفین دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ ہر قیمت پر نواز شریف کو سزا دینی ہے اور چند روز قبل نظرثانی اپیل پر آنے والا عدالتی فیصلہ نہیں بلکہ واضح پیغام تھا کہ نیب ہر قیمت پر نواز شریف کو سزا دے۔

نواز شریف نے کہا کہ '1999 میں بھی یہ کہا گیا کہ طیارہ ہائی جیک کیس میں سزا دلوائی جارہی ہے، اس وقت بھی مجھے پھنسایا گیا اور آج بھی وہی معاملہ دہرایا جارہا ہے'۔

نواز شریف کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو

اس سے قبل احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ عمران خان کو ضمانت مل گئی اس پر آپ کا کیا ردعمل ہے جس پر نواز شریف نے کہا کہ یہ عدالتوں کا دہرا معیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک میرا مقدمہ ہے ایک دوسروں کا مقدمہ ہے، دونوں مقدمات میں اصول اور ضابطے الگ الگ ہیں، میرے مقدمے میں ضابطے اور ہیں ان کے مقدمے میں ضابطے الگ ہیں۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ عدالتوں کے دہرے معیار کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں اور اس جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ 

دوسری جانب وکلا کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں عدلیہ بحالی کےلیےلانگ مارچ کیا، انصاف کاحصول ہرشہری کابنیادی حق ہے۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ اصولی مؤقف اور جدوجہدکا فائدہ بالآخر پاکستان اور عوام کوہوگا، ملکی استحکام کے لیے جمہوریت اور مضبوط جمہوری ادارے بہت ضروری ہیں۔

مزید خبریں :