ایشین انڈور روئنگ چیمپئن شپ میں پاکستان نے 3 تمغے اپنے نام کرلیے

فوٹو بشکریہ پاکستان روئنگ فیڈریشن فیس بک پیج

پاکستان نے ملائیشیا میں ہونے والے ایشین انڈور روئنگ چیمپئن شپ 2017 میں سونے کے تمغے سمیت 3 میڈلز اپنے نام کرلیے۔

ملائیشیا کے شہر جوہر بھرو میں ہونے والے ایشین انڈور روئنگ چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر پاکستان نے ایک گولڈ، ایک سلور اور ایک برانز میڈل اپنے نام کیا۔

ٹورنامنٹ کے مکسڈ فور ایونٹ میں پاکستان ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل اپنے نام کیا، پاکستان کو یہ اعزاز 14 برس بعد حاصل ہوا ہے۔ اس کیٹیگری میں جن کھلاڑیوں نے پاکستان کی نمائندگی کی ان میں مقبول علی، راشد حسین، رابعہ امجد اور نائلہ بانو شامل تھیں۔

فوٹو بشکریہ پاکستان روئنگ فیڈریشن فیس بک پیج

اس کے علاوہ پاکستان نے مردوں کے ڈبلز لائٹ ویٹ مقابلے میں چاندی کا تمغہ اپنے نام کیا، اس مقابلے میں پاکستان کی جانب سے ولی اللہ خان اور مزمل شہزاد نے شاندار کارکردگی دکھائی۔

پاکستان ٹیم نے لائٹ ویٹ مکسڈ کیٹیگری میں بھی کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا، اس ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی شعیب احمد، مزمل شہزاد، نائلہ بانو اور نگہت کوثر نے کی۔

فوٹو بشکریہ پاکستان روئنگ فیڈریشن فیس بک پیج

پاکستان روئنگ فیڈریشن کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان میں روئنگ فیڈریشن کے قیام کے بعد سے اب تک یہ پاکستان ٹیم کی ایشین چیمپئن شپ میں سب سے بہترین کارکردگی ہے۔

مزید خبریں :