پرویز مشرف کی زندگی پر مبنی فلم کرنا چاہتا ہوں، شان

لالی وڈ سپر اسٹار شان شاہد آج جیو پاکستان کے مہمان خصوصی تھے—۔فوٹو/ویڈیو اسکرین گریپ

لالی وڈ کے سپر اسٹار شان شاہد نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی زندگی پر مبنی فلم کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

شان شاہد آج جیو نیوز کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ کے مہمان تھے، اس موقع پر دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں شان نے اپنی  آنے والی فلم 'ارتھ 2' کے حوالے سے بھی بات کی، جو 21 دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

فلم 'ارتھ 2' مہیش بھٹ کی ہندی فلم کا ریمیک ہے، جس میں ایکشن، رومانس اور تھرل ایک ساتھ دیکھنے کو ملے گا، اس فلم کے اہم کرداروں میں شان شاہد سمیت عظمیٰ حسن، محب مرزا اور حمیمہ ملک شامل ہیں۔

فلم کی کہانی شوبز ستاروں کی ذاتی زندگی کی مشکلات، کامیاب کیریئر کی دوڑ اور زندگی کے خوابوں پر مبنی ہے۔

شان کا کہنا تھا کہ فلم 'ارتھ 2' میں دیکھا جا سکے گا کہ کچھ بھی بننے کے لیے کتنی محنت کرنی پڑتی ہے اور کتنے امتحان دینے پڑتے ہیں۔

انٹرویو کے دوران شان سے سوال کیا گیا کہ اگر انہیں کبھی بائیوپک(سوانح حیات پر مبنی) فلم کرنے کا موقع ملا تو وہ کون سا کردار نبھانا پسند کریں گے؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ انہیں پرویز مشرف کی زندگی پر مبنی بائیوپک فلم کرنے کی خواہش ہے۔

شان نے کہا، 'میں مشرف کا مداح نہیں ہوں لیکن مجھے ان کی کتاب اِن دی لائن آف فائر میں تحریر کیا گیا ان کا سیاسی نظریہ بے حد پسند ہے'۔

انہوں نے بتایا، 'میں چاہتا ہوں کہ پاکستان میں بھی تاریخی نظریات پر فلمیں بنیں، کیونکہ جب ہالی وڈ میں فلم ’زیرو نائن تھرٹی‘ بن سکتی ہے تو لالی وڈ میں کیوں نہیں، ہمیں ضرورت ہے کہ ہم ایسی فلمیں بنائیں جو حقیقت کی عکاسی کریں، جو اصل میں ہو رہا ہو وہی دکھائیں'۔

شان کا مزید کہنا تھا کہ 'پاکستان میں اتنا کچھ ہوا لیکن ہم نے اس پر فلمیں نہیں کیں اور ہمارے ہی حالات پر ہالی وڈ نے سب فلمیں بنالیں ہمیں اس بارے میں سوچتے ہوئے ایسی فلمیں بنانی چاہئیں اور اپنا موقف سامنے رکھنا چاہیے تاکہ دنیا پاکستان کو سمجھ سکے'۔

شان نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے حامی

انٹرویو کے دوران شان نے نئے ٹیلینٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 'ہمیں نئے لوگوں کی ضرورت ہے اور پاکستان میں ٹیلینٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، اگر کوئی فلم بنانا چاہتا ہے یا اداکاری کرنا چاہتا ہے تو میں چاہوں گا کہ وہ ضرور آگے آئے، اگر وہ میرے بچے بھی ہوں تو میں چاہوں گا کہ وہ پاکستان کی فلم نگری میں قدم رکھیں'۔

'پاکستان کے بہترین اداکار فواد خان'

شان شاہد کے مطابق پاکستان میں اس وقت کے بہترین اداکار فواد خان ہیں، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ اداکاراؤں میں ماہرہ خان میگا اسٹار بننے کی صلاحیت رکھتی ہیں لیکن اس کے لیے انہیں اپنا اداکاری کا دائرہ بہتر بنانا ہوگا اور فلم کے اسکرپٹ کا انتخاب بڑی توجہ سے کرنا ہوگا۔

مزید خبریں :