دنیا
Time 10 دسمبر ، 2017

اسرائیلی فوج کی بمباری اور فائرنگ سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 4 ہوگئی

مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکا کے متنازع اعلان پر فلسطین بھر میں شدید احتجاج کیا جارہا ہے جب کہ اسرائیلی فوج کی بمباری اور فائرنگ سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 4 ہوگئی اور 1200 سے زائد زخمی ہیں۔ 

فلسطین کے مختلف علاقوں میں آج چوتھے روز بھی احتجاج اور غم و غصے کی لہر برقرار ہے، غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج کی فضائی کارروائی اور فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے 4 افراد کی نماز جنازہ غزہ میں ادا کردی گئی جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی تازہ بمباری کے نتیجے میں کم از کم 25 افراد زخمی ہوئے جن میں 6 بچے بھی شامل ہیں جب کہ زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔

مقبوضہ بیت المقدس کے مختلف علاقوں میں لوگ ٹولیوں کی شکل میں احتجاج کر رہے ہیں جن پر قابض اسرائیلی فورسز کی جانب سے طاقت کا استعمال کیا جارہا ہے۔

مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے صلاح الدین میں احتجاج کے دوران اسرائیلی فورسز نے 'اسٹن گرینیڈ' اور آنسو گیس کے شیل فائر کیے جب کہ قابض فورسز نے فلسطین کی رکن اسمبلی جہاد ابو زونید سمیت 13 مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔

اسرائیلی فورسز نے علاقے کی تمام دکانیں زبردستی بند کرادیں اور فلسطینی پرچم اور پوسٹرز بھی قبضے میں لے لیے۔ 

دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس نے امریکا کے نائب صدر مائیک پنس سے ملاقات منسوخ کردی جب کہ مصر کے قبطی چرچ کے پوپ نے احتجاجاً مائیک پنس سے ملنے سے انکار کردیا۔

انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں بھی امریکی سفارت خانے کے باہر  آج ایک مرتبہ پھر مظاہرہ کیا گیا اور ہزاروں افراد سفارت خانے کے باہر فلسطینی پرچموں کے ساتھ جمع ہوئے اور امریکی فیصلے کی مخالفت میں نعرے بازی کی۔

دوسری جانب مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں بھی شہری امریکی فیصلے کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اورمظاہرین نے مقبوضہ بیت المقدس کوفلسطین کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔ 

مزید خبریں :