’کوکو کورینا‘ پر شیریں مزاری کی تنقید، احد رضا میر بھی برا مان گئے

احد رضا میر’کوکو کورینا‘ کی تنقید پر دلبرداشتہ، شیریں مزاری کو بھی جواب—.سوشل میڈیا تصاویر

ایسا معلوم ہوتا ہے کہ احد رضا میر نے کوک اسٹوڈیو سیزن 11 میں ماضی کے مقبول گانے ’کوکو کورینا‘ کا ریمیک گا کر اپنے کیریئر کی سب سے بڑی غلطی کرلی، تنقید کا سلسلہ ہے کہ تھمنے کا نام ہی نہیں لے رہا، گزشتہ روز  وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے اس گانے کو 'کلاسک گانے کا قتل عام' قرار دیا تھا اور آج احد نے اس تنقید کا بھرپور انداز میں جواب دے ڈالا۔

احد رضا میر نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس گانے کو پسند کرنے والوں کا جہاں شکریہ ادا کیا، وہیں تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو پیغام بھی دیا۔

انہوں نے اپنی ٹوئیٹس کی ایک سیریز شیئر کی اور لکھا کہ ’میں کوک اسٹوڈیو کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے ڈیبیو کا موقع دیا اور مومنہ مستحسن کی بھی داد دیتا ہوں کہ انہوں نے ایک نئے گلوگار کے ساتھ پرفارم کرنے کا رسک لیا‘۔


احد رضا میر کا کہنا تھا کہ ’میں تہہ دل سے ان سب کو بھی سراہتا ہوں جنہوں نے گانے پر تنقید کی کیونکہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ہماری قوم زندہ ہے، مجھے یہ دیکھ کر واقعی خوشی ہوئی کہ تقریباً سب لوگ ایک ہی گانے کے بارے میں بات کر رہے ہیں اور یقین کریں میں نے اسے مثبت انداز میں لیا ہے‘۔



احد رضا میر نے تنقید کرنے والوں کو جواب دیا کہ ’اگر کوک اسٹوڈیو ہے تو صرف فنکاروں کی وجہ سے، یہ مت بھولیں کہ یہ وہی کوک اسٹوڈیو ہے جو ہر برس بہترین گانے دیتا ہے‘۔


بعدازاں احد رضا میر وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری پر بھی برس پڑے۔

احد رضا میر نے لکھا، 'مس منسٹر آپ اُس پارٹی کی نمائندگی کرتی ہیں جو تبدیلی، نوجوانوں کے لیے سپورٹ اور پاکستان میں نئے آئیڈیاز لانا چاہتی ہے۔ انسانی حقوق کی ذمہ داری زندگی کے حساس تشخص کی تشہیر کرنا ہے، اس کا ’قتل عام‘ کرنا نہیں ہے، اس بارے میں سوچیے گا کہ اس کا کیا مطلب ہے'۔    


اداکار نے مزید لکھا کہ ’ہم سب کو رحم دل ہونے کی کوشش کرنی چاہیے۔ چاہے وہ  تنقید ہی کیوں نہ ہو۔ ہمارا گانا ایک کور تھا جس کا مقصد مختلف ہونا ہی تھا، ایسا نہیں ہوگا کہ وہی آواز اور احساس ملے اور آخر میں یہ کہنا چاہوں گا کہ یہ بس ایک گانا ہی ہے‘۔  






واضح رہے کہ کوک اسٹوڈیو سیزن 11 میں احد رضا میر کا ڈیبیو گانا ’کوکو کورینا‘ 19 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا، جس میں انہوں نے گلوکارہ مومنہ مستحسن کے ساتھ گلوکاری کی تھی۔

مزید خبریں :