پاکستان
Time 19 فروری ، 2018

بلاول کا اپنی والدہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری—۔فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ان کی والدہ بے نظیر بھٹو نے یہ ثابت کیا ہے کہ خواتین یقیناً تمام کام کرسکتی ہیں۔

برطانوی جریدے دی گارڈین کے لیے لکھے گئے ایک مضمون میں بلاول نے اپنی والدہ اور سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو سے متعلق ماضی کی یادیں تازہ کیں۔

بلاول بھٹو نے لکھا کہ بے نظیر بھٹو نے جس سال وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھایا، اُسی سال وہ ماں بھی بنیں اور اُسی سال کتاب بھی تحریر کی جو بیسٹ سیلر بنی۔

شہید بینظیر بھٹو کی اپنے بچوں بلاول بھٹو زرداری، بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ ایک یادگار تصویر—۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کامیابیاں ان کے مخالفین کو ہضم نہ ہوئیں کیونکہ وہ ایک خاتون تھیں۔

بلاول کے مطابق سب سے زیادہ مشکل وقت وہ تھا جب بے نظیر بھٹو اُمید سے تھیں اور اُن کی وزارت عظمی کو اسی وجہ سے چیلنج کردیا گیا اور انہیں منصب سے ہٹانے کے مطالبات کیے جانے لگے۔

بلاول بھٹو نے لکھا کی اُن کی والدہ نے یہ باتیں خندہ پیشانی سے برداشت کیں، بختاور کو جنم دیا اور اگلے دن سرکاری ذمہ داریاں ادا کرنے پہنچ گئیں۔ 

چیئرمین پیپلز پارٹی کے مطابق ان کی والدہ نے اپنی زندگی اور جرات سے یہ بات ثابت کی کہ خواتین یقیناً تمام کام کرسکتی ہیں۔

بلاول نے مزید لکھا کہ تاریخ مخالفت کرنے والے تمام سیاسی بونوں کو بھلادے گی لیکن بے نظیر بھٹو کو عالمی آئیکون کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے گی۔

واضح رہے کہ 27 دسمبر2007ء کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں انتخابی جلسے کے بعد روانگی کے وقت خودکش حملے کے نتیجے میں سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید ہوگئی تھیں۔

مزید خبریں :