05 فروری ، 2015
کراچی...........جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھانی ہوگی۔ یقین ہے کہ بے گناہ کشمیریوں کا لہو رنگ لائے گا۔ انھوں نے کراچی میں یوم کشمیر پر جماعت اسلامی کی جانب سے نکالی گئی یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے بھی ایک ضرب عضب کی ضرورت ہے، کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان مکمل اور مستحکم نہیں ہوسکتا، پاکستان کو کشمیر کے حوالے سے دیرینہ پالیسی بحال کرنا ہوگی، اوباما کے رویے نے خطے میں طاقت کے توازن کو بگاڑ دیا ہے مگر اس موقع پر بھی کشمیریوں نے ہڑتال کر کے ثابت کردیا ہے کہ وہ حق خودارادیت سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، بھارت سیکورٹی کونسل کا مستقل ممبر بننے کااہل نہیں۔ ریلی سے سپریم کمانڈر حزب المجاہدین آزاد جموں و کشمیرسید صلاح الدین، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،نائب امیرڈاکٹر اسامہ رضی ،ڈپٹی سپریم کمانڈر حزب المجاہدین مولانا جاوید قصوری نے بھی خطاب کیا ۔ قبل ازیں شرکاء نے جیل چورنگی سے مزار قائد تک پیدل مارچ کیا ۔ریلی میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے کشمیری عوام سے اپنی یکجہتی کا اظہار کیا اور بھارتی مظالم کے خلاف اپنے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ۔ریلی کے شرکا ء نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پرکشمیر بنے گا پاکستان ،کشمیر کی آزادی تک جنگ رہے گی جنگ رہے گی،بھارت کی بر بادی تک جنگ رہے گی جنگ رہے گی،حکمران ہوش کے ناخن لیں اور کشمیر کے مسئلے کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کریں کے نعرے اور مطالبات درج تھے۔سید صلاح الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام 68سال سے بھارتی سامراج سے نبرد آزما ہے،ان کو شہید کیا جا رہا ہے اور آزادی کو سلب کیا جا رہا ہے لیکن اس کے باوجود کشمیریوں کا حوصلہ پست نہیں ہوا بلکہ ان کا حوصلہ جواں ہے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت مذاکرات کی میز پر کشمیر کو ان کا حق دیدے گا یہ ہماری بھول ہے بھارت صرف طاقت کی زبان سمجھتا ہے ،لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے۔ انہوں نے کہا کہ مودی انتہا پسند ہے اس کے ساتھ مذا کرات نہیں ہو سکتے وہ کشمیر پر اپنا غاصبانہ قبضہ کر کے اسے اپنا حصہ سمجھتا ہے،اقوام متحدہ دنیا کے دیگر مسئلوں کی طرح مسئلہ کشمیر کو بھی حل کرے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے دھماکوں میں مجاہد تنظیموں کا کوئی ہاتھ نہیں،یہ دھماکے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے امریکا، بھارت اور عالمی طاقتوں کی سازش کا حصہ ہیں جنہوں نے پاکستان کے وجود کو کلمہ طیبہ کی وجہ سے تسلیم نہیں کیا ۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ شہر کراچی نے ایک مرتبہ پھر جدوجہد کشمیر سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا ہے، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور شہ رگ کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، کشمیر کا جہاد پاکستان کی تکمیل کا جہاد ہے اور یہ جہاد کشمیر کی آزادی تک جاری رہے گا۔ جاوید قصوری نے کہا کہ ہندوستان کا مقابلہ کشمیری عوام برسوں سے کررہے ہیں اور بھارتی افواج کا جواں مردی سے مقابلہ کررہے ہیں، سید علی گیلانی کی قیادت میں کشمیری عوام نے بھارتی مکرو فریب کو خاک میں ملا دیا ہے اور اس بات کا اعلان کیا ہے کہ بھارت کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی اور کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہوگا۔