05 فروری ، 2015
کراچی ......اہلست والجماعت نے بھی ملک کے مختلف شہروں میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ریلیاں نکالیں۔یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے کراچی میں اہلسنت والجماعت کی جانب سے لسبیلہ سے گرو مندر تک ریلی نکالی گئی،ریلی کی قیادت تنظیم کے مرکزی صدرعلامہ اورنگزیب فاروقی نے کی۔ شرکا سے خطاب میں اورنگزیب فاروقی کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیرکا واحد حل آزادانہ رائے شماری کے سوا کچھ نہیں۔ کوئٹہ میں اہلسنت والجماعت کے تحت ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیا گیا،پشاور میں بھی اہلسنت والجماعت کے کارکنوں نے ریلی نکالی اور کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔دریں اثناحکومت سندھ کی جانب سے علامہ اورنگزیب فاروقی کی سیکورٹی واپس لینے کے خلاف اہل سنت والجماعت کے کارکنوں نے وزیراعلیٰ ہاو س پر دھرنا دیا۔ حکومت نے گزشتہ روز اہل سنت والجماعت کے مرکزی صدر علامہ اورنگزیب فاروقی کی سیکورٹی واپس لے لی تھی جس کے خلاف تنظیم کے کارکنو ں نے وزیراعلیٰ ہاوس کے سامنے دھرنا دیا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ حکومت کی جانب سے علامہ اورنگزیب فاروقی کوسیکورٹی دوبارہ فراہم کرنے کے بعد کارکنوں نے احتجاجی دھرنا ختم کردیا۔