پاکستان
09 فروری ، 2015

الطاف حسین کی جدوجہد کسی مخصوص طبقے کیلئے نہیں ہے،ڈاکٹرخالد مقبول

الطاف حسین کی جدوجہد کسی مخصوص طبقے کیلئے نہیں ہے،ڈاکٹرخالد مقبول

کراچی......لاہور سے تعلق رکھنے والے پاسٹر شہزاد کے ہمراہ کراچی کے پاسٹرمنتظر گل ، پاسٹر روبن راز ، پاسٹر جیمس بشیر اور مسیحی گلوکار آصف رضا نے خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں رابطہ کمیٹی کے جوائنٹ انچارج ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، رابطہ کمیٹی کے اراکین عارف خان ایڈووکیٹ اور ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات کی اور انہیں حیدرآباد میں الطاف حسین یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھے جانے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر ایم کیوایم پنجاب کے صدر میاں عتیق ، ایم کیوایم اقلیتی امور کمیٹی کے انچارج سید منور الاسلام ، جوائنٹ انچارج پطرس یوسف ، اراکین بشپ گلفام جاوید رندھاوا ، بشپ جاوید انجم ، نوید ملک ،سردار کرشن سنگھ اور روشن مکیش بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں وفد نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ حصول علم اور اس کی ترویج کیلئے الطا ف حسین کی کاوشیں ان کی قائدانہ صلاحیتوں کا کھلا ثبوت ہے اور جناب الطاف حسین علمی بنیادوں پر اپنے کارکنان و عوام کی جس طرح سے تربیت کررہے ہیں اس کی تقلید تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے لیڈران کو کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کراچی میں وائی ایم سی اے کے تعلیمی ادارے سے قبضہ چھڑوانے پر مسیحی برادری کی جانب سے الطاف حسین سے دلی تشکر کااظہا رکرتے ہوئے ایم کیوایم کے فلاحی کاموں کو بھی سراہا ۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ الطاف حسین کی جدوجہد کسی مخصوص طبقے کیلئے نہیں ہے اور ان کی جدوجہد کو محدود کرنے والے دراصل تمام مسالک ، مذاہب اور قومیتوں میں جناب الطاف حسین کی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں ۔ انہوں نے پاسٹرز صاحبا ن کے خیالات کو سراہا اور ان کی نائن زیرو آمد کا خیرمقدم بھی کیا ۔ وفد نے ایم کیوایم کے شہداء کی یاد میں قائم کی جانے والی یاد گارِ شہدائے حق کا دورہ کیا اور خصوصی دعا بھی کی ۔ دریں اثنا ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ارکان عارف خان ایڈوکیٹ ،محمد عظیم فاروقی اورسینئر کارکن احمد سلیم صدیقی نے کہاکہ کوئی بھی تحریک اس وقت جنم لیتی ہے جب ظلم و زیادتی کی انتہا ہوجائے اورنا انصافی عام ہوجائے اور یہی کچھ پاکستان کے کرپٹ سیاسی کلچر کا حصہ تھا ،لیکن الطاف حسین نے تحریک کا آغاز کرکے پاکستان کے اس گلے سڑے نظام میں دراڑ ڈالی اور غریب ومتوسطہ طبقے سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ قابل لوگوں کو ایوانوں میں بھیجا۔ان خیالات کا اظہار لال قلعہ گراؤنڈ عزیزآباد میںکراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی کے زیر اہتمام (کراچی ) کے سیکٹر و یونٹوں کے ذمہ داران و کارکنان کی تربیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہا جو لوگ اجتماعی سوچ رکھتے ہیں اور بلاتفریق رنگ ونسل مذہب قوم کے جائز حقوق کی جدوجہد کر تے ہیں وہ تاریخ میںہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔

مزید خبریں :