پاکستان
12 فروری ، 2015

امریکا میں تین مسلم طلبہ کو قتل کرنے والے ملزم پر فرد جرم عائد

امریکا میں تین مسلم طلبہ کو قتل کرنے والے ملزم پر فرد جرم عائد

نیویارک........منگل کو امریکا میں تین مسلمان طلبہ کو قتل کرنے والےملزم پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے، پولیس نے قتل کی وجہ معلوم کرنے کے لیے ایف بی آئی سے مدد طلب کرلی ہے۔ امریکی ریاست نارتھ کیرولینا کا علاقہ چیپل ہل منگل کی شام فائرنگ سے گونج اٹھا۔ 23سالہ ضیا برکت ان کی بیوی 21 سالہ یسر محمد اور یسر کی بہن 19 سالہ رزان محمد کو سر میں گولیاں مار کر قتل کردیا گیا۔ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ضیا اور یسر کی دسمبر 2014ء میں شادی ہوئی تھی،جبکہ یسر کی بہن رزان بھی ڈینٹل یونیورسٹی میں داخلہ لینے کی تیاری کررہی تھیں۔ واقعے کے فوری بعد پولیس نے تینوں افراد کے قتل کے الزام میں مقتولین کے پڑوسی 46سالہ کریگ اسٹیون ہکس کو گرفتار کرلیا جس پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔ تینوں مسلمان طلبہ کو قتل کیوں کیا گیا؟ یہ معاملہ اب تک حل طلب ہے۔ یسر اور رزان کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹیوں اور داماد کا قتل مذہبی منافرت کا نتیجہ ہے، جبکہ گرفتار ملزم کی بیوی کا کہنا ہے کہ ملزم ہکس کا ضیا برکت اور اس کی بیوی سے گاڑی کی پارکنگ کے معاملے پر تنازع ہوا تھا۔پولیس اب تک اس بات کا تعین نہیں کرسکی کہ تین معصوم زندگیوں کے بہیمانہ قتل کی اصل وجہ کیا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات کے لیے امریکی پولیس نے ایف بی آئی سے مدد طلب کرلی ہے، جبکہ امریکا میں مختلف مقامات پرقتل کیے گئے تینوں افراد کے لیے دعائیہ تقریبات کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :