13 فروری ، 2015
پشاور .........امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ سانحہ بلدیہ فیکٹری کے ذمہ داروں سے متعلق شک کی کوئی گنجائش نہیں رہ گئی ۔ اٹھارہ کروڑ عوام انصاف کےلیے اسلام آباد کی طرف دیکھ رہےہیں ۔ پشاور میں سینیٹ کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی سانحہ بلدیہ کی جے آئی ٹی پر وضاحت کردی ہے ۔قانون کے مطابق کمزور اور طاقت ور سب کے ساتھ برابر سلوک ہونا چاہیے ۔ جماعت اسلامی فیکٹری سانحہ کے متاثرین کا مقدمہ لڑے گی ۔امیر جماعت اسلامی نے ایم کیو ایم کو حکومت میں شامل کرنے کے فیصلے پر پیپلزپارٹی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایااور کہا کہ صرف سینیٹ میں فائدے کی خاطر پیپلزپارٹی نے بلدیہ فیکٹری کے معاملے کو نظر انداز کردیا۔ عمران خان کے بعد سراج الحق نے بھی سینیٹ الیکشن میں اوپن بیلٹنگ کا مطالبہ کیا۔ سراج الحق نے امریکا میں قتل کیے جانےوالے تین طالب علموں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ انسانی حقوق کے چیمپن امریکا کے صدر نے واقعے پر افسوس یا مذمت کا اظہار تک نہیں کیا۔