01 مئی ، 2012
لاہور… وزارتِ پانی وبجلی حکام کے مطابق پیپکو کو گیس اور تیل کی فراہمی خطر ناک حد تک کم ہو گئی ہے،جس کی وجہ سے مزید پاور پلانٹس بند ہونے کا خدشہ ہے،جبکہ بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ تک بڑھ گیا ہے ۔ پیپکوحکام کے مطابق پیپکوکو تیل اور گیس کی شدیدکمی کا سامنا ہے،جس کی وجہ سے پاور پلانٹس صلاحیت سے کہیں کم بجلی پیدا کر رہے ہیں اور شارٹ فال 6 ہزار میگاواٹ تک بڑھ گیا ہے۔ چھوٹے بڑیشہروں میں بدترین غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 20 گھنٹے تک برقرار ہے، جس سے عوام تنگ آ چکے ہیں وزارت پانی و بجلی کے حکام کا موٴقف ہے کہ گیس میں 260 ملین کیوبک فٹ اور تیل کی فراہمی میں 30 ہزارٹن تک کمی ہو نے سے بجلی کی پیداوار دوبارہ 7 سے 8 ہزار میگاواٹ کے درمیان آ گئی ہے،جبکہ طلب 14 ہزار میگاواٹ ہے،پیپکو ذرائع کے مطابق کراچی کو روزانہ زبردستی 700 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کی ہدایت ہے،ان حالات میں پنجاب میں جبری لوڈشیڈنگ نہ کی جائے تو سسٹم بیٹھ جائے گا،دوسری طرف لاہور چیمبر نے اگلے ہفتے اجلاس بلا کر دوبارہ پنجاب بھر میں احتجاج شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔