پاکستان
01 مئی ، 2012

کوئٹہ میں بم دھماکا: 2 افراد جاں بحق، ایف سی اہلکاروں سمیت 15 زخمی

کوئٹہ میں بم دھماکا: 2 افراد جاں بحق، ایف سی اہلکاروں سمیت 15 زخمی

کوئٹہ … کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر ایف سی کے کانوائے پر حملے میں 2 راہگیر جاں بحق جبکہ ایف سی کے 5 اہلکاروں اور پولیس کے ایک کانسٹیبل سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق سبی سے کوئٹہ آنے والا ایف سی سبی اسکاوٴٹس کا کانوائے سریاب روڈ سے گزررہا تھا کہ سڑک کے کنارے کھڑی سفید رنگ کی کار میں نصب ریموٹ کنٹرول بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں ایف سی کے کانوائے میں شامل 2 گاڑیوں اور قریب میں موجود 4 رکشوں کو شدید نقصان پہنچا، دھماکے کے بعد رکشوں میں آگ بھی لگ گئی۔ دھماکے سے قریب سے گزرنے والے 2 راہگیر محمد خالد اور 15 سالہ تنویر احمد جاں بحق جبکہ ایف سی کے 5 اور پولیس کے ایک اہلکار سمیت 15 افراد زخمی ہوگئے۔جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کی لاشوں اور زخمی ہونے والے افراد کو سول اسپتال منتقل کردیاگیا، جبکہ زخمی ایف سی اہلکاروں کو ایف سی کے اسپتال منتقل کردیا گیا۔دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے اور دکانوں کو نقصان پہنچا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 35 سے 40 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ہے۔ دھماکے کے بعد ایف سی اور پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔ بعد میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ہاشم غلزئی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں بتایا کہ بظاہر یہی دکھائی دیتا ہے کہ دھماکے میں سیکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا گیا، تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

مزید خبریں :