29 اپریل ، 2025
ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر محمد سعید شیخ نے کراچی میں امریکی قونصلیٹ میں قونصل جنرل اسکاٹ اربم اور دیگر سینئر حکام سے ملاقات کی، جس میں امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارت، اقتصادی تعاون اور پائیدار شراکت داری کے فروغ کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعید شیخ کا کہنا تھا کہ قونصلیٹ میں اقتصادی امور کے سربراہ کیون فیوری، ڈائریکٹر پبلک انگیجمنٹ ٹونی جونز اور یو ایس کمرشل سروس کے کمرشل اسپیشلسٹ تشفین مہدی کے ساتھ گفتگو کا مرکز دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا، پاکستان قونصلیٹ جنرل ہوسٹن اور دیگر اداروں کے اشتراک سے "پاک امریکا بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم" کا انعقاد اور مستقبل میں حکومتی تجارتی وفود کی میزبانی کے امور تھے۔
اس موقع پر امریکی قونصل جنرل اسکاٹ اربم اور کراچی میں امریکی قونصلیٹ کے سینئر حکام نے ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن اور اس کی شراکتی تنظیموں کی خدمات کو سراہا ، جن میں سیلاب متاثرین کی امداد، ماحولیاتی اقدامات، پاکستانی طلبا کے لیے وظائف اور تجارتی وفود کی میزبانی شامل ہے۔
سعید شیخ کا کہنا تھا کہ یہ تمام اقدامات چیف پیٹرن سید جاوید انور کی ان تھک محنت اور ذاتی دلچسپی سے حقیقت کا روپ دھار چکے ہیں۔
سعید شیخ نے بتایا کہ قونصل جنرل اسکاٹ اربم نے ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر محمد سعید شیخ کے ساتھ اس ملاقات میں عوامی روابط اور مشترکہ ترقیاتی اہداف کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔