17 فروری ، 2015
نیویارک..........اقوام متحدہ کے ایلچی گورڈن براؤن نے پاکستانی اسکولوں کی حفاظت کے لیے منصوبہ پیش کیا ہے،جس میں اسکولوں کے گرد دیوار بنانے، دھاتوں کی شناخت کرنے والے آلات، مسلح گارڈز، ایمرجنسی مواصلاتی نظام کی تنصیب اور دیگر اقدامات شامل ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سابق برطانوی وزیراعظم گورڈن براؤن تعلیم کے شعبے میں کام کرنے والے ایک ادارے ورلڈ ایٹ اسکول کے تحفظاتی منصوبے کی تشہیر کر رہے ہیں۔ یہ منصوبہ پاکستان اور جنگ زدہ علاقوں کے اسکولوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ گورڈن براؤن نے پشاور اسکول میں قتل عام کے پیش نظر وزیر اعظم نواز شریف سے بات چیت کی اور تجاویز پیش کیں جس کے بعد پاکستان میں اسکولوں کے تحفظ کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔منصوبے میں مقامی برادریوں اور مذہبی رہنماؤں کے ساتھ مل کر اسکولوں کے گرد پیس زون قائم کرنے کی بات کہی گئی ہے۔منصوبے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مختلف علاقوں میں موجود چھوٹے اسکولوں کو ایک جگہ لایا جائے یا ایسے علاقے میں منتقل کیا جائے جہاں زیادہ حفاظتی انتظامات ہیں۔