23 فروری ، 2015
کراچی.........سندھ میں اطلاعات اور بلدیات کے وزیر شرجیل میمن نے صاف، سرسبز اور پرامن سندھ مہم کا افتتاح کردیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے خبردار کیا کہ بلدیاتی اداروں میں گھوسٹ ملازمین اور شرجیل انعام میمن میں سے کوئی ایک رہے گا، پاکستان چوک پر سندھ بھر میں شروع ہونے والی صفائی مہم کے افتتاح کے موقع پر وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ صفائی مہم اور شجر کاری مہم پورے سال جاری رکھیں گے اور اس دوران سندھ بھر میں چھ لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ کمشنر کراچی کے ہمراہ صفائی مہم کا آغاز کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بلدیاتی اداروں میں گھوسٹ ملازمین کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ افسران کی بھی ذمے داری ہے کہ وہ گھوسٹ ملازمین کے خلاف کارروائی کریں۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ڈی ایم سیز میں کرپشن کے خاتمے کے لئے ویجلنس کمیٹیاں بنادی گئی ہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر کے خلاف ایکشن لینے کے اختیارات بھی کمشنر کراچی کو دے دئیے گئے ہیں۔