24 فروری ، 2015
بنی گالہ......... عمران خان نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں ووٹنگ شو آف ہینڈ سے ہی ہونی چاہیے، ساتھ یہ بھی کہہ دیا کہ جوڈیشل کمیشن بننے تک پارلیمنٹ میں نہیں جائیں گے، اگر کمیشن نہ بنا تو سڑکوں پردوبارہ آزادی بس نکلے گی۔ بنی گالا کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے ن لیگ کی جانب سےسینیٹ انتخابات میں شو آف ہینڈ کی تجویز کی حمایت کی لیکن ساتھ ہی کہا کہ یہ صرف اعلان تک نہیں رہنا چاہیے،اس پر عملدرآمد بھی ہونا چاہیے۔ عمران خان نے کہا کہ جو آدمی کروڑوں روپے خرچ کرکے سینیٹ آئے گا کیا وہ عوام کی خدمت کرے گا؟انھوں نے بتایا کہ انھیں بھی تحریک انصاف کی سینیٹ ٹکٹ کے لیے 15 کروڑ روپے کی پیش کش کی گئی۔ انھوں نے حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ واپس جانے کی دعوت بھی رد کردی، کہا کوئی غلط فہمی میں نہ رہے،جوڈیشل کمیشن نہیں بنا تو سڑکوں پردوبارہ آزادی بس نکلے گی، ساتھ ہی دو ہزار پندرہ کو انتخابات کا سال قرار دے دیا۔