02 مارچ ، 2015
کراچی.........ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا ہے کہ کراچی میں دہشت گرد کارکنوں اور شہریوں کو قتل کر رہے ہیں، انہیں کوئی روکنے والا نہیں۔ کراچی میں ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے ارکان کی پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ اس صورت ِحال پر لوگ تشویش کا شکار ہیں،ملیر کے علاقے شادمان ٹاؤن میں عمران عباس رضوی کو قتل کیا گیا، ایم کیوایم کے کارکنوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے،گزشتہ روز ایم کیوایم کے کارکن کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا، کالعدم تنظیموں،فرقہ ورانہ تنظیموں کے دہشت گرد کارکنوں کو قتل کررہے ہیں،ایم کیوایم کے ذمے داروں کے گھروں پرروز چھاپے مارے جارہے ہیں۔ حیدرعباس کا کہنا تھا کہ مخصوص مکتب فکرکی ٹارگٹ کلنگ کازورکراچی میں کیوں ہے؟کیا دہشت گردوں کا ہاتھ روکنے والا کوئی نہیں؟ چھاپے مارنے کیلئے صرف ایم کیوایم کےذمےداراورکارکن ہی بچ گئے ہیں؟ کوئی پرسان حال نہیں، کوئی بولنے والا نہیں، فرقہ واریت کی بنیاد پرکارکنوں روزانہ مارا جارہا ہے،ہمارے ہزاروں کارکنوں، 4منتخب نمائندوں کو کالعدم تنظیموں نے شہید کیا،ایم کیوایم کے کارکنوں اور ہمدردوں کو چن چن کر قتل کیا جارہا ہے۔ حیدرعباس رضوی نے کہا کہ لگتا ہے دہشت گرد حکمرانوں کودکھائی نہیں دیتے،مسلک کی بنیادپردہشت گردی کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے،فرقہ واریت کی بنیاد پر کارکنوں کو روزانہ مارا جا رہا ہے،دہشت گردوں کو قتل کرنے کا لائسنس مل گیا ہے،کالعدم تنظیموں کے خلاف کوئی کریک ڈاؤن نہیں ہو رہا، اورنگی ٹاؤن میں کالعدم تنظیم کے دہشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں، ایم کیوایم کے کارکنوں کے قاتلوں کو گرفتارکیا جائے، کالعدم تنظیم کے دہشت گرد کھلے عام پھررہے ہیں۔