29 اپریل ، 2025
بھارت میں شادی کی تقریب کے دوران پنیر نہ ملنے پر ناراض شخص نے مہمانوں پر منی بس چڑھا دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے گاؤں حامدپور میں پیش آیا جہاں راج ناتھ یادو کی بیٹی کی شادی کی تقریب سجائی گئی تھی۔
شادی کی تقریب خوش اسلوبی سے جاری تھی کہ دھرمیندر یادو نامی ایک شخص شادی ہال میں داخل ہوا اور سیدھا کھانے کے اسٹالز پر پہنچا جہاں وہ کھانے کی ڈیشز میں پنیر کو نہ دیکھ کر غصہ ہوگیا۔
غصے سے بھرے دھرمیندرنے منی بس شادی میں آئے مہمانوں پر چڑھا دی جس کے سبب دلہے کا باپ سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے جب کہ 3 لاکھ کا مالی نقصان بھی ہوا۔
واقعے کے بعد باراتی طیش میں آگئے اور انہوں نے دھرمیندر یادو کے خلاف کیس درج کروانے تک شادی نہ کرنے کا کہا، اس کے بعد دلہن والوں کی جانب سے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا اور اگلے روز رات 12 بجے کے قریب شادی کی تقریب اختتام پذیر ہوئی۔