06 مارچ ، 2015
آکلینڈ........پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے میں نہیں چاہوں گا کہ کل کا میچ بارش کی نذر ہو جائے اور صرف ایک پوائنٹ حاصل ہو۔ کپتان مصباح الحق نے نیوزی لینڈ میں پریس کانفرنس کی اور کہا کہ وہ نہیں چاہتے کہ کل کا میچ بارش کی نذر ہو اور ایک پوائنٹ حاصل ہو، ہماری ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی حاصل کرنے کے لیے پُرامید ہے، ہمیں جنوبی افریقہ کےخلاف میچ کی اہمیت معلوم ہے۔ ایک سوال کے جواب میں کپتان پاکستان ٹیم کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد کو کھلانے کے بارے میں ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا، سابق کرکٹرز کہتے ہیں کہ الگ سوچو، تو کیا عرفان سے اوپننگ کرالوں؟، ہماری بولنگ مضبوط ہے، اس پرمکمل اعتماد ہے، نہیں لگتا کہ آفریدی کی موجودگی میں یاسرشاہ کو کھلانے کی ضرورت ہے؟ اور اے بی ڈی ویلیئرز کو روکنے کا ایک ہی حل ہے کہ اسے جلد آؤٹ کردیا جائے۔ دوسرے طرف ذرائع کے مطابق پاکستانی آل راؤنڈر حارث سہیل ایڑھی کی تکلیف میں مبتلا ہوگئے ہیں، انہوں نے آج نیٹ پریکٹس میں حصہ نہیں لیا، فاسٹ بالر محمد عرفان فٹ ہیں، نیٹ پریکٹس میں بھرپور بالنگ کی اور ناصرجمشید نے بیٹنگ پریکٹس نہیں کی ساتھ ہی ناصر جمشید کو جنوبی افریقہ کیخلاف نہ کھلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں جہاں ٹیم پاکستان کارکردگی اور فٹنس کے مسائل سے دوچار ہے، تو وہاں آج پاکستان کرکٹ ٹیم کا پریکٹس سیشن بھی بارش سے متاثر ہوا ہے۔