03 مئی ، 2012
پشاور … پشاور ہائی کورٹ نے حیات میڈیکل کمپلیکس سے عمر قید کے مجرم کے فرار کے واقعے پر خیبر پختونخوا کے سیکریٹری صحت کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کر لی۔ یہ احکامات پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان اور جسٹس میاں فصیح الملک پر مشتمل بینچ نے قیدی کے فرا ر سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران دیئے۔ عامر امین جو عمر قید کا مجرم اور ہیپاٹائیٹس بی کا مریض تھا، ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا کہ قیدی کا علاج لیڈی ریڈنگ اسپتال یا جیل کے اندر کرایا جائے۔ تاہم سیکریٹری صحت محمد اشفاق کی ہدایت پر قیدی عامر کو ایل آر ایچ سے ایچ ایم سی منتقل کیا گیا، جس پر عدالت نے سیکریٹری صحت کو شوکاز اور توہین عدالت کانوٹس جاری کیا اور وضاحت طلب کی کہ سیکریٹری نے عدالتی احکامات سے روگردانی کیوں کی۔