پاکستان
13 مارچ ، 2015

کراچی میں آپریشن ایم کیو ایم کی مشاورت سے شروع کیا گیا، قائم علی شاہ

 کراچی میں آپریشن ایم کیو ایم کی مشاورت سے شروع کیا گیا، قائم علی شاہ

کراچی........وزیراعلی ٰسندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن ایم کیو ایم کی مشاورت سے شروع کیا گیا ہے۔ پولیس اور رینجرز صوبے بھر میں جرائم کے خاتمے کے لئے کوشاں ہیں۔ پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد کراچی میں 87 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی ٰ کا کہنا تھا کہ پولیس اوررینجرز نے کراچی سمیت صوبے بھر میں بہت کام کیا ہے جس سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امن و امان کا مسئلہ ملک بھر میں ہے جب کہ کراچی میں کئی سالوں سے حالات خراب ہیں ۔ عوام کو حکومت سے بہت سی توقعات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو اپ ڈیٹ کرنا اور ان کی تنخواہوں میں اضافہ کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے لئے معاوضہ بڑھا کر20 لاکھ روپے کردیا گیا ہے جسے مزید بڑھا یا جائے گا۔ اس موقع پر کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبو نے کہا کہ نائن زیرو پر چھاپے کے بعد 27 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔26 ملزمان کو ریمانڈ پر جلد پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔ غلام قادر تھیبو نے واضح کیا کہ تمام جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائی ہوگی چاہے ان کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو۔۔ پاسنگ آوٹ پریڈ میں 510 پولیس اہلکار شامل تھے۔

مزید خبریں :