13 مارچ ، 2015
حیدرآباد ......قومی عوامی تحریک کے صدر ایازلطیف پلیجو نے کہا ہے کہ نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے میں محبت سندھ ریلی پر حملے کا ماسٹر مائنڈ بھی گرفتار ہوا، ایم کیوایم بتائے کے نائن زیرو پر دہشتگرد کیا کر رہے تھے، آصف زرداری کی جانب سے رینجرز کارروائی کی مذمت قابل افسوس ہے۔حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایازلطیف پلیجو نے کہا کہ ایم کیوایم اپنی صفوں سے دہشتگرد اور ٹارگٹ کلرز کا نیٹ ورک ختم کرے، کراچی سے دہشتگردی کا خاتمہ ہوجائے تو سیاسی جماعتیں بہتر کام کرسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل ایم جی اور جی تھری سمیت نیٹو کا اسلحہ کہاں سے آیا، ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کا اتحاد فرنچائز ہے اور دونوں بزنس پارٹنر ہیں، نائن زیرو پر چھاپے کے بعد وفاقی حکومت اور چھپی ہوئی طاقتیں مصلحت کا شکار نہ ہوں۔ ایازپلیجو نے مطالبہ کیا کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عذب جاری رکھا جائے، چند مفاد پرست کراچی میں آپریشنز کی مخالفت کرتے ہیں، پیپلزپارٹی دہشتگردوں کی پشت پناہی کرتی ہے۔