13 مارچ ، 2015
کراچی.......رات گئے بارش کے بعد کراچی کا موسم خوشگوار ہو گیا، شہری دن بھر موسم کا لطف اٹھانے کیلئے پارکوں اور دیگر تفریحی مقامات کا رخ کر تے رہے۔آتی گرمی اور بڑھتی لوڈ شیڈنگ کے غم میں دُبلا ہونے والو، بھیگے ہوئے موسم کا مزہ کیوں نہیں لیتے،یہ پیغام تھا گہرے سیاہ بادلوں کا، جو کراچی میں وقفے وقفے سے یوں برسے کہ شہریوں کے دل کا موسم بدل گیا،بچوں اور جوانوں کا خوش ہونا تو بنتا ہے، مگر بھیگی ہوئی رُت نے بوڑھوں پر بھی اچھے اثرات مرتب کئے۔ ساحل پر موجود بڑے میاں نے انتہائی دلچسپ انداز میں گانا گایا کہ ’’زندگی میں تو سبھی پیار کیا کرتے ہیں، میں تو مر کے بھی مری جان تجھے چاہوں گا‘‘تاہم یہ کسی اکیلے کی موج مستی نہیں، کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، اس خوشگوار تبدیلی کا اثر پورے شہر میں دیکھا گیا،موسم کا لطف اُٹھانے کیلئے عوام کی بڑی تعداد ساحل اور دیگر تفریحی مقامات پر پہنچی اور قدرت کی خنک اور بھیگی بھیگی عنایت کو دل بھر کر خراج تحسین پیش کیا۔ موسم اچانک اچھا ہوجائے تو جس کو جہاں ہونا چاہئے، وہ وہاں نہیں ہوتا، یہی وجہ ہے کہ درسگاہوں میں پڑھنے والے اور دفاتر میں کام کرنے والے گھر جانے کے بجائے تفریحی مقامات پر نظر آئے۔ اُدھر محکمہ موسمیات کی پیش گوئی ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران کراچی میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کا امکان ہے۔