16 مارچ ، 2015
راولپنڈی .......راولپنڈی کی کسٹم عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔عدالت نے ریمارکس دئے کہ تمام قانونی پہلوؤں کو مد نظر رکھ کر فیصلہ دینگے۔راولپنڈی کی کسٹم عدالت کے اسپیشل جج کسٹم ممتاز چودھری نے ماڈل ایان علی کی منی لانڈرنگ کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔ کسٹم حکام کی جانب سےمقدمے کا رکارڈ عدالت میں جمع کرا دیا گیا۔ ماڈل ایان علی کے وکیل اور اُن کے والد عدالت میں پیش ہو ئے ۔ ایان علی کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ رقم خالد ملک نے دی تھی جو زمین خرید کر حاصل کی گئی تھی۔ ایان علی کے والد راجہ حفیظ کا کہنا تھا کہ بیٹی کے بارے میں پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔ ایان علی کی درخواست ضمانت پر دلائل مکمل کر لئے گئے ،عدالت نے درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے ریمارکس دئے کہ تمام قانونی پہلوؤں کو مد نظر رکھ کر فیصلہ دینگے۔دو روز قبل آیان سے بینظیرانٹرنیشنل ائیر پورٹ اسلام آباد پر کسٹم حکام نے 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد کئے تھے، دبئی جا رہی تھیں ۔