16 مارچ ، 2015
لندن........متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ایم کیوایم قانون نافذ کرنے والے کسی بھی ادارے سے محاذآرائی نہیں چاہتی ۔متحدہ میں کسی قسم کا کوئی عسکری ونگ نہیں ہے۔ ایم کیوایم اعلامیہ کے مطابق الطاف حسین نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایم کیوایم عدم تشدد پر یقین رکھنے والی جمہوری، لبرل اورپروگریسیو پارٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر سوشل میڈیا پر خود کو ایم کیوایم کا ظاہر کرکے رینجرز اور پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے محاذ آرائی کا درس دے رہے ہیں لیکن ان کا ایم کیوایم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کا کہناتھا کہ یہ عمل ایم کیوایم کو بدنام کرنے کی سازش کا تسلسل ہے۔الطاف حسین کا کہناتھا کہ ایم کیوایم ناانصافیوں کے خلاف آئین وقانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن احتجاج اور ایسے جلسہ جلوس پر یقین رکھتی ہے جن میں تشدد کا زیروفیصد بھی عمل دخل نہ ہو۔