16 مارچ ، 2015
کراچی........سندھ ہائی کورٹ نے ایم کیوایم کے لاپتہ کارکنان سے متعلق کیس میں محکمہ داخلہ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ کوچوبیس مارچ تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ایم کیوایم کے لاپتہ کارکنان سے متعلق درخواست رابطہ کے رکن گل فراز خان نے سندھ ہائیکورٹ میں دائر کی ۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نائن زیرو پر چھاپے کے دوران 110 افراد کو گرفتار کیا گیا جن میں سے 24 کارکنان کو رینجرز نے تاحال عدالت میں پیش نہیں کیا۔ درخواست میں حراست میں لیے گئے کارکنان کا میڈیکل اور اہلخانہ سے ملاقات کرا نے استدعا بھی کی گئی۔ عدالت نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے محکمہ داخلہ، ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ کو 24 مارچ تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔کیس سے متعلق ایم کیوایم کے رہنما بیرسٹر سیف نے سندھ ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان پر دوران تفتیش تشدد کرکے انگوٹھے لگوائے جاتے ہیں۔ وقاص شاہ کے قتل کی ایف آئی آر کے لیے عدالت سے رجوع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بیگناہ کارکنوں کو حراست میں لیا گیا۔جو کچھ ہو رہاہے وہ صرف انتقامی کارروائی ہے۔