پاکستان
16 مارچ ، 2015

لاہور میں گرجا گھروں پر حملوں کے بعد یوحنا آباد میں فضا سوگوار

لاہور میں گرجا گھروں پر حملوں کے بعد  یوحنا آباد میں فضا سوگوار

لاہور.......لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں خودکش دھماکوں پر آج بھی فضا سوگوار ہے۔دوسرے روزبھی اہل علاقہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔میٹروبس اسٹیشن میں داخل ہو کر نعرے بازی کرتے رہے۔ گجومتہ سے نشترکالونی تک میٹرو سروس دوبارہ بند کر دی گئی ۔یوحنا آباد کے دو چرچز میں خودکش دھماکوں کے خلاف دوسرے روز بھی مسیحی برادری کے افراد فیروز پور روڈ پر جمع ہوئے اور سانحے کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔مظاہرین میٹروبس اسٹیشن کے اندر داخل ہو گئے اور بس سروس کو بند کر دیا۔علاقے میں آج بھی پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔شہر میں دیگر اہم مقامات پر بھی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ دھماکوں کے مقامات سے پولیس نے شواہد محفوظ کر لئے تھے ۔حملہ آوروں کے اعضا بھی معائنے کے لئے بھجوادئیے گئے، تاہم تفتیش میں ابھی تک کوئی خاص پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔متاثرہ آبادی میں سوگ کی فضا بدستور برقرار ہے۔ بازار اور دُکانیں بند ہیں۔دھماکوں کے دو مقدمات درج کئے جاچکے ہیں۔واقعے کے بعد ہجوم کی جانب سے جلائے گئے دو مشتبہ افراد کی شناخت نہیں ہو سکی۔

مزید خبریں :