پاکستان
16 مارچ ، 2015

کسی سیاسی پارٹی کو دیوارسے لگانے کی کوشش نہیں کی،وزیر داخلہ

کسی سیاسی پارٹی کو دیوارسے لگانے کی کوشش نہیں کی،وزیر داخلہ

اسلام آباد.......وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ حکومت کسی سیاسی پارٹی کو دیوارسے لگانے کی کوشش نہیں کررہی،مجرم چاہے ن لیگ میں ہو یا ایم کیو ایم میں ،وہ مجرم ہی ہے،قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں بریفنگ کے دوران چودھری نثار نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی آصف حسنین نے جو اعتراضات اٹھائے ہیں،انکی تحقیقات کرائیں گے۔رانا شمیم احمد کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر داخلہ نےبریفنگ میں مزید کہاکہ سانحہ یوحنا آباد غیر انسانی فعل ہے، دہشتگردوں نے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی،اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کا ایجنڈہ آگے بڑھایا،دہشتگردوں کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں ہوتا ۔دہشتگردی کی جنگ پاکستان پر گزشتہ 13 سال سے مسلط ہے،اسکول ، چرچ ، مساجد دہشت گردوں کے لیےآسان ہدف ہیںتاہم کوئی بھی واقعہ ہو ہمیں اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔دہشتگرد آسان اہداف کو نشانہ بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔دہشتگردی کی جنگ لڑنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔قائمہ کمیٹی میں نقطہ نظر پیش کرنا میرے لیے اعزازہے ۔ڈیڑھ سال میں ہم نے متعدد اہداف حاصل کیئے،آسان اہداف پر حملے دہشتگردوں کے کمزور ہونے کی دلیل ہیں۔دہشتگردوں پر بڑی حد تک زمین تنگ کردی گئی ہے۔چوہدری نثار نےمزید کہا جب ہم نے حکومت سنبھالی روزانہ کئی دھماکے ہوتے تھے،تاہم حالات میں بہت بہتری آئی ہے،ڈیڑھ سال میں ہم نے متعدد اہداف حاصل کیے ،قومی مفادات پر سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھنے چاہئیں۔

مزید خبریں :