04 مئی ، 2012
اسلام آباد … کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن پاکستان نے کہا ہے کہ مذہبی جماعتوں کی جانب سے شکایات کی جا رہی ہیں کہ کیبل نیٹ ورک پر فحاشی اور غیر اخلاقی پروگرام دکھا ئے جا رہے ہیں، کیبل آپریٹرز اب ایسے پروگرامز اور چینلز کا بائیکاٹ کریں گے۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین خالد آرائیں نے کہا کہ کیبل آپریٹرز نے رضاکارانہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ ایسے تمام چینلز اور پروگرام کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا جو غیر اخلاقی اور غیر شائستہ ہوں گے۔ خالد آرائیں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھارتی سی ڈیز فروخت ہو رہی ہیں اور بھارتی فلمیں سینماز پر بھی دکھائی جا رہی ہیں، لوگ انہیں کیوں نہیں روک رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی چینلز اور سی ڈیز تو ویسے بھی غیر قانونی ہیں، ملک میں 80 ہزار ڈائریکٹ ٹو ہومز باکس اسمگل ہو کر آئے ہیں، انہیں بھی ختم کیا جانا چاہئے۔خالد آرائیں کا کہنا تھا کہ پیمرا کی جانب سے کیبل آپریٹرز کے خلاف سخت کارروائی کیے جانے کی اطلاعات ہیں جو ہمارے بچوں کا رزق چھیننے کے مترادف ہو گا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بھی پاکستان میں بھارتی چینلز دکھانے کے سخت احکامات دے رکھے ہیں۔