پاکستان
04 مئی ، 2012

وزیر اعظم کو سزا کے معاملے پر ن لیگ کا سینیٹ سے بھی واک آوٴٹ

وزیر اعظم کو سزا کے معاملے پر ن لیگ کا سینیٹ سے بھی واک آوٴٹ

اسلام آباد … مسلم لیگ ن نے وزیراعظم کو سزا کے معاملے پر سینیٹ سے پھر واک آوٴٹ کیا، جے یو آئی ف کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے کو گلی کوچوں میں چیلنج کرنا سیاسی رویہ نہیں۔ سینیٹ کا اجلاس چیئرمین نیئربخاری کی زیرصدارت ہوا۔ پارلیمنٹ سے صدارتی خطاب پر بحث شروع ہوئی تو مسلم لیگ ن کے سینیٹر مشاہد اللہ اور ظفر علی شاہ نے کہا کہ سزایافتہ وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے ہوتے ہوئے یہ بحث نہیں ہوسکتی اور پھر مسلم لیگ ن کے ارکان سینیٹ سے واک آوٴٹ کرگئے۔ جے یوآئی ف کے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ سب کو اعتدال کا راستہ اختیار کرتے ہوئے عدالت کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے۔ سینیٹر مشاہد حسین نے کہا کہ نواز شریف نے پرویز مشرف کی زیر نگرانی انتخابات میں حصہ لیا اور حکومت بھی حاصل کی، حکومت میں رہ کر اپوزیشن اور احتجاج کی باتیں مذاق ہیں، لانگ مارچ ماضی میں بھی ہوا جس کا نقصان ملک کو اٹھانا پڑا۔ مشاہد حسین نے کہاکہ سلالہ حملے پر امریکی معافی تک شکاگو کانفرنس میں شرکت نہ کی جائے۔ ایم کیوایم کے سینیٹر طاہر مشہدی نے بجلی کی قیمتوں میں حالیہ 12 فیصد اضافے پر حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور ظالمانہ اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ سینیٹ کا اجلاس اب پیر کی شام ہوگا۔

مزید خبریں :