04 مئی ، 2012
اسلام آباد … وفاقی سیکریٹری پیٹرولیم اعجاز چوہدری کا کہنا ہے کہ اگست تک کھاد کارخانوں کو یومیہ 10 کروڑ مکعب فٹ گیس فراہم کرنے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری پیٹرولیم اعجاز چوہدری نے بتایا کہ سوئی ناردرن کے سسٹم پر چلنے والے 4 کھاد کارخانوں کی گیس کاٹ پر پاور سیکٹر کو دے دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب کھاد کارخانے مطالبہ کر رہے ہیں کہ ان کو گیس دی جائے۔ سیکریٹری پیٹرولیم نے بتایا کہ کھاد کارخانوں کے نمائندوں سے بات چیت کے بعد دو تجاویز تیار کی گئی ہیں کہ ان کھاد کارخانوں کو کہیں سے دستیاب ہونے والی اضافی گیس مہیا کی جائے جو مشکل نظر آتی ہے ، دوسری تجویز کے مطابق انڈسٹریل سیکٹر کیلئے گیس کی بندش بجائے 2 دن کے 3دن کردی جائے اور یہ گیس فرٹیلائزر سیکٹر کو دے دی جائے۔