26 مارچ ، 2015
کراچی..... افضل ندیم دوگر.......کراچی گونگے بہرے شخص کے قتل میں ملوث وکیل کی سیشن عدالت پر عدم اعتماد کی درخواست ہائی کورٹ نے مسترد کردی۔ گرفتاری سے بچنے کے لئے ملزم نے کار پر فائرنگ کا ڈرامہ بھی رچایا تھا۔پولیس کے مطابق کورنگی میں خالد رحیم ایڈووکیٹ نے اپنے گھر کے باہر فٹ پاتھ پر قبضہ کر رکھا ہے۔ چند ہفتے قبل کنٹونمنٹ بورڈ کی ٹیم تجاوزات ہٹانے گئی تو خالد رحیم، اس کے بھائی پولیس اہلکار طاہر رحیم اور ساتھیوں نے حملہ کردیا۔ اس دوران ملزمان نے فائرنگ کردی تھی جس سے گونگا بہرا شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔مقدمہ قتل میں دونوں بھائی نامزد ملزم ہیں۔ اس سلسلے میں ملزم خالد رحیم ایڈووکیٹ نے سیشن جج ملیر پر عدم اعتماد کیا اور سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی کہ مقدمہ دوسری عدالت منتقل کیا جائے۔ جسے آج سندھ ہائی کورٹ نے مسترد کردیا اور قرار دیا کہ مقدمہ کی سماعت سیشن کورٹ ملیر کی عدالت میں ہی ہوگی۔ واضع رہے کہ ملزم نے 20 مارچ کو اس مقدمے میں عبوری ضمانت کی پیشی کے روز اپنی کار پر فائرنگ کا ڈرامہ رچایا اور سی آئی ڈی پولیس میں تعینات اپنے بھائی طاہر رحیم کی ملی بھگت سے اپنے خلاف مقدمہ کے مدعی فریق کے خلاف آیف آئی آر درج کرادی تھی۔