پاکستان
27 مارچ ، 2015

عمران خان کے خلاف غداری کا مقدمہ قائمکیا جائے، ندیم نصرت

عمران خان کے خلاف غداری کا مقدمہ قائمکیا جائے، ندیم نصرت

لندن......متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت نے کہاہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اپنے ہر جرم اورغلطی کا الزام الطاف حسین پر ڈال کر اپنے جرائم سے بھاگ نہیں سکتے، اب قوم کے سامنے ان کا آمرانہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے اورانہیں اپنے خلاف الزامات کا جواب قوم کو دینا ہوگا۔ ندیم نصرت نے کہاکہ عمران خان اپنی سگی اولاد ٹیرین وہائٹ تک کو اپنی اولاد تسلیم کرنے پر تیارنہیں ہیں اور جب بھی اس معاملہ کو اٹھایا جاتا ہے تو وہ ایم کیوایم کے خلاف الزامات کا طوفان کھڑا کرکے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کرتے ہیں،انھوں نےاسلام آباد کو مہینوں تک غیرقانونی طور پر یرغمال بنائے رکھا، اور ملکی معیشت کو اربوں روپے کا ناقابل تلافی نقصان پہنچایااورآج تک ملک میں جمہوری عمل کو پنپنے نہیں دیالیکن جب بھی ان سے ان معاملات پر بات کی جاتی ہے تو وہ راہ فرار اختیار کرتے ہوئے ایم کیوایم کے خلاف الزام تراشی شروع کردیتے ہیں ، غیرملکی اخبارات کھلم کھلا لکھ رہے ہیں کہ پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ، غیرقانونی تنظیموں اورطالبان نے صوبہ کو یرغمال بنایا ہوا ہے ، صوبہ کے تاجر اور ڈاکٹر یا تو بھتہ دینے پر یا صوبہ چھوڑنے پر مجبور ہیں، کے پی کے میں جیلیں ٹوٹ رہی ہیں، اسکولوں پر حملے ہورہے ہیں لیکن عمران خان اپنے دیرینہ رفیق، طالبان کی مذمت میں ایک لفظ تک بولنے کو تیار نہیں ہیں،بلکہ ان کوخیبرپختونخوا میں دفتر تک قائم کرنے کی پیشکش کرچکے ہیں ۔ ندیم نصرت نے کہاکہ جب ایم کیوایم کے خلاف ڈیتھ سیل سے کوئی وڈیو ٹیپ آتا ہے تو اس کی قانونی حیثیت پر تبصرہ کرنے کے بجائے اسے من وعن تسلیم کرکے خوشی کے شادیانے بجائے جاتے ہیں لیکن جب ان کی اپنی آڈیو ٹیپ پر سوال کیا جاتا ہے تو وہ اس کو غیرقانونی قراردیتے ہیں اور اس کی وضاحت کرنے کے بجائے ایم کیوایم پر بہتان تراشی کرنے لگتے ہیں۔ ندیم نصرت نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیاکہ عمران خان اور ان کی جماعت ریاستی ادارے پاکستان ٹیلی ویژن پر حملے میں ملوث ہے لہٰذا حکومت عمران خان پر آرٹیکل 6کے تحت غداری کا مقدمہ قائم کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی کرے ۔

مزید خبریں :