11 مارچ ، 2025
بیونس آئیرس: ارجنٹائن کے لیجنڈری فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کی موت کے معاملےپر ان کے طبی عملے کے 7 اراکین کے خلاف مقدمے کی سماعت کا آغاز ہوگیا۔
ان پر الزام ہے کہ وہ میراڈونا کی زندگی کے آخری دنوں میں علاج معالجے میں غفلت برتنے کے مرتکب ہوئے۔
استغاثہ کے مطابق، ملزمان پر ممکنہ ارادے سے قتل کرنے کا الزام ہے، جس کے تحت انہیں 8 سے 25 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔ استغاثہ نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا اس حوالے سے ٹھوس شواہد پیش کیے جائیں گے کہ طبی عملے کے کسی بھی فرد نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی تھی۔
مقدمے کی سماعت میں 100 سے زائد گواہان بشمول میراڈونا کے اہل خانہ اور ان کے سابقہ معالجین پیش ہوں گے، یہ سماعت جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
مقدمے کا سامنا کرنے والے ملزمان میں ایک نیوروسرجن، ایک سائکائٹرسٹ، ایک سائیکالوجسٹ، ایک میڈیکل کوآرڈینیٹر، ایک نرسنگ کوآرڈینیٹر، ایک ڈاکٹر اور نائٹ نرس شامل ہیں، جبکہ دن کے وقت کی نرس، جس نے میراڈونا کو مردہ حالت میں پایا تھا، کو ایک علیحدہ مقدمے کا سامنا کرنا ہوگا۔
2021 میں بننے والے 20 طبی ماہرین کے پینل نے کا کہنا تھا کہ اگر میراڈونا کو مناسب طبی سہولیات دی جاتیں تو ان کی جان بچ سکتی تھی۔
خیال رہے کہ لیجنڈری فٹبالر میراڈونا 25 نومبر 2020 کو 60 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
وہ دماغ کی ایک سرجری کے بعد روبہ صحت ہورہے تھے اور اسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد ایک کرائے کے گھر میں قیام پذیر تھے، جہاں وہ بستر پر مردہ حالت میں پائے گئے، بعد ازاں ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دی گئی۔