پاکستان
27 مارچ ، 2015

ماڈل ایان علی کے خلاف ٹیکس چور ی کا نیا کیس تیار ہو گیا

ماڈل ایان علی کے خلاف ٹیکس چور ی کا نیا کیس تیار ہو گیا

اسلام آباد........ماڈل ایان علی کے خلاف نیا کیس تیار ہو گیا، منی لانڈرنگ کے بعد ٹیکس چوری کا الزام بھی لگ گیا۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ذرائع کے مطابق ماڈل ایان علی کے اثاثوں کے بارے میں انکم ٹیکس انٹیلی جنس ونگ نے ایک رپورٹ تیار کی ہے۔ ایان علی کا این ٹی این نمبر39666450 ہے تاہم گزشتہ سال انہوں نے ٹیکس گوشوارہ جمع نہیں کرایا۔ ایان کے ٹیکس میں ان 4لاکھ ڈالر ز کا کہیں ذکر نہیں جو اسلام آباد ایئر پورٹ پر ان سے برآمد ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان سے باہر 10ہزار ڈالر سے زائد رقم نہیں لے جائی جا سکتی، یوں ماڈل ایان علی نہ صرف منی لاندڑنگ کی مرتکب ہوئیں بلکہ 4 لاکھ ڈالر کی آمدن پر ٹیکس جمع نہ کرا کے ٹیکس چوری کی بھی مرتکب ہوئی ہیں۔ انکم ٹیکس انٹیلی جنس ونگ کی رپورٹ کے مطابق ماڈل ایان علی نے گزشتہ ایک سال میں 4 کروڑ روپے کی کوئی جائیداد فروخت نہیں کی اور ان کا کسی شہر کے بحریہ ٹاؤن میں کوئی پلاٹ یا بنگلہ نہیں۔ رپورٹ کے مطابق ماڈل ایان علی کا ڈیفنس کراچی میں ایک فلیٹ ہے جبکہ کراچی میں ان کے بینک اکاؤنٹ میں 35 سے 40 لاکھ روپے ہیں جبکہ فور بائی فور کی ایک گاڑی بھی ہے جس کی مالیت 15لاکھ روپے تک ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق ماڈل ایان علی نے گزشتہ ایک سا ل سے دو سال میں 41 غیر ملکی دورے کیے۔ رپورٹ کے مطابق ماڈل ایان علی نے متحدہ عرب امارات کے فری زون میں کمپنی بھی رجسٹرڈ کرا رکھی ہے۔

مزید خبریں :