پاکستان
30 مارچ ، 2015

جامعہ کراچی کوٹوفل اور آئیلٹس ٹیسٹ لینے کا اختیار مل گیا

کراچی......سید محمد عسکری ...... جامعہ کراچی کو انگریزی زبان کے بین الاقوامی ٹیسٹنگ سسٹم ’’ٹوفل اور آئیلٹس‘‘ کی طرز پر چینی زبان کی مہارت کے لئے دنیا بھر میں رائج ’’ایچ ایس کے‘‘ ٹیسٹ لینے کا اختیار مل گیا ہے۔ اس سلسلے میں معروف چینی یونیورسٹی ’’سچوان نارمل یونیورسٹی‘‘ سے باقاعدہ معاہدہ طے پا گیا ہے۔ یہ ٹیسٹ آئیلٹس (آئی ای ایل ٹی ایس) کی طرز پر جامعہ کراچی میں ہی لیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ’’آئی ای ایل ٹی ایس‘‘ انٹرنیشنل انگلش لینگویج ٹیسٹنگ سسٹم کا ٹیسٹ کراچی برطانوی ادارے برٹش کونسل اور آسٹریلوی اداروں کے تحت کے تحت منعقد ہوتا ہے جبکہ سچوان نارمل یونیورسٹی نے جامعہ کراچی سے ہونے والے ابتدائی معاہدے میں اسے چینی زبان کی مہارت کے ٹیسٹ ’’ایچ ایس کے‘‘ لینے کے حقوق دے دیئے ہیں۔ پاکستان طلبہ کی مذکورہ ٹیسٹ میں شرکت اور اس میں کامیابی سے انہیں چین کے تعلیمی اداروں میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے جبکہ جامعہ کراچی کو اس سلسلے میں خطیر آمدنی بھی ہوگی۔ یہ بات جامعہ کراچی کےوائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے پیر کو اپنے دفتر میں اخبار نویسوں سے گفتگو میں بتائی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ جامعہ کراچی میں قائم چینی زبان کے ادارے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر معین صدیقی بھی موجود تھے۔ معین صدیقی نے چینی یونیورسٹی سے کئے گئے معاہدے کی تفصیلات بتائے ہوئے بتایا کہ معاہدے کے تحت جامعہ کراچی ’’ایچ ایس کے‘‘ کے علاوہ ’’ایچ ایچ ایس کے، وائی سی ٹی اور بی سی ٹی‘‘ کے ٹیسٹ بھی لے گی۔ یہ ٹیسٹ بالترتیب چینی زبان کی معیاری بول چال، اساتذہ کی سطح پر چینی زبان کے استعمال، طلبہ کے لئے چینی زبان کے استعمال اور کاروباری سطح پر چینی زبان بولنے والوں کے لئے ہونگے۔ امیدوار ایچ ایس کے سمیت دیگر ٹیسٹ میں شریک ہو کر ٹوفل اورآئیلٹس کی طرز پر اس کے مختلف سطح کے ’’اسکورز‘‘ حاصل کر سکیں گے جس کی بنیاد پر متعلقہ چینی یونیورسٹی ان طلبہ کو سرٹیفائڈ کرسکے گی۔ اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر کا کہنا تھا کہ چینی زبان مستقبل کی بین الاقوامی زبان کے طور پر ابھر رہی ہے اور چینی اسکالرز نے مختلف اجلاسوں میں اس امر کا اظہار کیا ہے کہ 2020ء کے بعد چینی حکومت یا اس کے ادارے دیگر ممالک سے خطوط کا تبادلہ اپنی ہی زبان میں کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کے لئے یہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں :