02 اپریل ، 2015
لاہور......لاہور میں نوجوان طالبعلم زین رؤف کے قتل کے مرکزی ملزم مصطفی کانجو کو خوشاب سے گرفتار کرلیا گیا، مصطفی کانجو سابق وزیرمملکت صدیق کانجو کا بیٹا ہے۔گذشتہ شب لاہورکے علاقے کیولری گراؤنڈ میں سابق وزیر مملکت برائے خارجہ امور صدیق کانجو کے بیٹے مصطفیٰ کانجو اور اس کے گارڈز کی فائرنگ سے راہ گیر نوجوان زین رئوف جاں بحق جبکہ اس کا دوست شدید زخمی ہو گیا تھا۔ پولیس نے تین گارڈز کو موقع پر گرفتار کر لیا، تاہم مصطفیٰ کانجو فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا ۔ڈی آئی جی آپریشنز حیدر اشرف کاکہنا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق نشے میں دھت لڑکے نے زین رؤف پر فائرنگ کی۔ غم سے نڈھا ل زین رؤف کی والدہ کا کہنا ہے کہ بیٹے کو کیک دے کر کسی کو دینے بھیجا تھا، دیر تک واپس نہ آیا تو پیچھے گئی اور دیکھا کہ ایک طرف موٹر سائیکل پڑی تھی، ایک طرف زخمی بیٹاجو اب نہیں رہا، وہی زندگی کا سہارہ تھا۔مقتول زین رؤف کے دوست طلحہ اور ماموں کا کہنا ہے کہ زین کے اہلِ خانہ کو دھمکیاں دی جارہی ہیں، حکومت پنجاب بھرپورسیکورٹی فراہم کرے۔ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں عینی شاہدین نے بتایا کہ زین پر نشے میں دھت لڑکے نے فائرنگ کی۔بظاہر معمولی جھگڑے کا کیس ہے، لیکن قتل کا اصل محرک کا پتہ ملزم کی گرفتاری پر چلے گا۔