02 اپریل ، 2015
ہوسٹن، امریکا……… پیپلزپارٹی امریکا کے رہنما خالد خان، ریاض حسین، ارسلان ملک، فہد حسین، ممتاز چاند اور حسین بھرگڑی نے کہا ہے کہ 4اپریل ملکی سیاست میں سیاہ ترین دن تھا جب پاکستان ایک عظیم سیاسی رہنما سے محروم ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کی شہادت سے پیدا ہونے والا خلاء ابھی تک باقی ہے اور شاید یہ خلاء کبھی بھی پر نہ کیا جا سکے، پیپلزپارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جس پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی تھی اب وہ ایک تناور درخت کی شکل اختیار کر گئی ہے اور ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھری ہے۔ امریکا میں مقیم پیپلزپارٹی کے سینئر رہنمائوں نے مزید کہا کہ غیرجمہوری قوتوں نے پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کی بھرپور کوششیں کیں لیکن جتنا پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کے لئے اقدامات کئے گئے پیپلزپارٹی اتنی ہی مضبوط سیاسی جماعت بنتی چلی گئی، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید رانی بینظیر بھٹو کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، پیپلزپارٹی کے کارکن ہمارے شہید رہنمائوں کی تعلیم پر عمل کرتے ہوئے ملک میں جمہوریت کو فروغ دینے میں ہر طرح کی قربانیاں دینے سے گریز نہیں کریں گے۔