03 اپریل ، 2015
کراچی.......پاکستان میں آئندہ ہفتے ہائیر موبائل متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں، موبائل چور ی ہونے، پانی میں خراب ہونے یا ٹوٹنے کی کوریج کیلئے مفت انشورنس فراہم کی جائے گی۔ ملک میں پہلی مرتبہ موبائل مینوفیکچرنگ کا منصوبہ تیار کر لیا گیا۔ موبائل ٹوٹنے، چوری ہونے اور پانی میں ڈوبنے پر اگر مفت انشورنس جیسی پرکشش سہولت پاکستان میں بھی پہلی بار دستیاب ہو جائے تو دوڑ لگا دینے والی پرکشش پیش کش ہو گی، لیکن خیالوں کی دنیا سے دور حقیقت میں پاکستا ن میں ایسا 9 اپریل سے ہونے جا رہا ہے۔ ہاِئیر موبائل کی 15 اقسام پر ٹوٹ پھوٹ، چوری اور پانی جانے سے خرابی کا نہ صرف مداوا مفت میں ہو گابلکہ خریداروں کی لکی ڈرا میں 20خوش نصیبوں کو مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم کے ساتھ ایک دن گذارنے کیلئے مفت برطانیہ بھی بھیجا جائے گا۔ روبا سیز گروپ کے صدر شاہ فیصل آفریدی نے جیو نیوز سے خصوصی گفت گو میں بتایا کہ اسی سال سے 5 لاکھ موبائل فونز کی مینوفیکچرنگ کی فیکٹری لاہور میں لگانے کا منصوبہ بنایا ہےجس سے 800 افراد کو روزگار ملے گا تاہم اس سلسلے میں حکومتی توجہ درکار ہے۔ ماہرین کے مطابق پاکستان میں موبائل فونز کی تیاری شروع ہو تو پاکستان بھی ہائی ٹیک پروڈکٹس کی تیاری کرنے والے ممالک میں شامل ہو کر دنیا کے رڈار اسکرین پر نمودار ہو سکے گا۔